Time 24 اپریل ، 2018
کھیل

عالمی شہرت یافتہ ہاکی گول کیپر منصور احمد کی بھارت سے علاج میں مدد کی اپیل

منصور احمد کو ڈاکٹروں نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دے رکھا ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی

کراچی:  پاکستان ہاکی کے نامور گول کیپر منصور احمد نے بھارت سے علاج میں مدد کی اپیل کردی۔

49 سالہ عالمی شہرت یافتہ گول کیپر کا دل صرف 20 فیصد کام کر رہا ہے، ان کے دل میں 7 اسٹنٹس ڈالے جا چکے ہیں جبکہ گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے، ڈاکٹروں نے انہیں ہارٹ ٹرانسپلانٹ (دل کی پیوندکاری) کا مشورہ دے رکھا ہے۔

منصور احمد نے خبر رساں ادارے  اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا، 'میں نے 1989 میں اندرا گاندھی کپ اور دیگر مقابلوں میں انڈیا کو میدان میں ہرا کر بہت سے بھارتی شائقین کے دل توڑے ہوں گے، لیکن اب مجھے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی ضرورت ہے، جس کے لیے مجھے بھارتی حکومت کی مدد درکار ہے۔'

واضح رہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے کشیدہ تعلقات کے باوجود پاکستانی شہریوں کو طبی ویزے پر بھارت جانے کی اجازت ہے۔

منصور احمد نے مزید کہا کہ 'انسانیت سب سے بڑھ کر ہے اور اگر مجھے بھارت کا ویزہ اور دیگر طبی مدد مل جائے تو وہ شکرگزار ہوں گے'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'کھیل ان چند شعبوں میں سے ایک ہے، جو روایتی حریفوں کے مابین تعلقات میں بہتری لاسکتے ہیں اور ماضی میں ایسا کئی مرتبہ ہوچکا ہے'۔

واضح رہے کہ منصور احمد پاکستان کے لیے 338 انٹرنیشنل ہاکی میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے 1986 سے 2000 کے دوران اپنے کیریئر میں 3 اولمپکس اور کئی ہائی پروفائل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

منصور احمد ہی وہ کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 24 سال قبل پاکستان کو چوتھی مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپیئن بنایا تھا۔

مزید خبریں :