پاکستان
Time 29 اپریل ، 2018

کراچی والے 4 دہائیوں سے پیپلز پارٹی کو مسترد کررہے ہیں آئندہ بھی کرینگے،خواجہ اظہار

پیپلز پارٹی نے شہری علاقوں کے عوام کا معاشی و اقتصادی استحصال کیا، خواجہ اظہار — فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم) کے رہنماء خواجہ اظہارالحسن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 10 سال تک کراچی کےعوام کو نفرت کی بھینٹ چڑھایا۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی کراچی کے عوام سے مخلص نہیں ہوسکتی، پیپلزپارٹی نے شہری علاقوں کے عوام کا معاشی و اقتصادی استحصال کیا۔

انہوں ںے کہا کہ پیپلزپارٹی نے لسانی نفرت کو ہوا دیکرعوام کے درمیان خلیج پیدا کی۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ پیپلزپارٹی لیاقت آباد میں کس منہ سے جلسہ کررہی ہے؟ کراچی کےعوام چار دہائیوں سے پیپلز پارٹی کو مسترد کررہے ہیں اور آئندہ بھی کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کو مسترد کریں گے۔

خیال رہے کہ لیاقت آباد میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پر نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’مستقل قومی مصبیت نے کراچی والوں کو کچھ نہیں دیا، مشرف کے دور میں ایم کیو ایم ایک مافیا کی طرح کراچی پر قابض تھی، انہوں نے اس دور میں پانی کے منصوبے مکمل کیوں نہیں کیے؟‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے احتجاج کے باوجود انہوں نے کے الیکٹرک کی نجکاری کی، ایم کیو ایم کہتی ہے ووٹ ہمیں دو گالیاں پیپلز پارٹی کو دو، جو ووٹ لیتا ہے کام کرنا اس کی ذمے داری ہوتی ہے‘۔

بلاول نے مزید کہا تھا کہ کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو کراچی کے گٹروں میں بوریاں ڈال کر ایم کیو ایم کی طرح کوئی بند نہیں کرےگا، کوئی واٹر سپلائی کی لائن کے سوراخ بند نہیں کرے گا۔

مزید خبریں :