Time 02 مئی ، 2018
پاکستان

سپریم کورٹ نے شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر روک دی

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین سی ڈی اے کو جمعے کو طلب کرلیا — فوٹو:فائل 

سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر روکتے ہوئے درخت کاٹنے پر پابندی لگادی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے معاملے کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جو رپورٹ طلب کی تھیں کیا وہ آگئی ہیں؟جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صرف کابینہ ڈویژن سے رپورٹ آئی ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیپیٹل ڈویلمپنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی رپورٹ کیوں نہیں آئیں؟ جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ رپورٹ تیار ہے جس پر چیئرمین کے دستخط درکار ہیں لیکن وہ ملک سے باہر ہیں، 2 سے 3 روز میں واپس آجائیں گے۔

اس موقع پر عدالت نے عدالت نے چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین سی ڈی اے کو جمعے کو طلب کرتے ہوئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر روک دی اور علاقے میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کردی۔

یاد رہے کہ سابق بیورو کریٹ روداد خان نے شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے خلاف درخواست جمع دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ حکومت شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل بناناچاہتی ہے جس سے آلودگی میں اضافہ ہوگا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نیشنل پارک کو اس کی اصل حالت میں قائم رکھنا تھا لیکن علاقے میں کوئی درخت نہیں بچا ہے۔

مزید خبریں :