بینک اکاؤنٹس نہ ہونے کے باعث سپر کبڈی لیگ کےکھلاڑی معاوضے سے تاحال محروم

پاکستان سپر کبڈی لیگ—.فائل فوٹو

لاہور میں پہلی پاکستان سُپر کبڈی لیگ کامیابی سے مکمل ہو گئی لیکن اس میں شریک کھلاڑی اور کوچز ابھی تک معاوضے سے محروم ہیں۔

پاکستان سُپر کبڈی لیگ گجرات واریئرز کی کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوئی، لیگ کو ختم ہوئے دو ہفتے گزر گئے لیکن ایونٹ میں خون پسینہ ایک کرنے والے پہلوان اب تک پیسوں سے محروم ہیں۔

سُپر کبڈی لیگ میں سو کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے، پلاٹینئم کیٹگری کے کھلاڑیوں کو ڈیرھ لاکھ اور گولڈ کیٹگری کے کھلاڑیوں کو 70ہزار روپے ملنے ہیں۔

کھلاڑیوں نے شکوہ کیا کہ انہوں نے دن رات محنت کرکے لیگ کو کامیاب بنایا، انجری کا بھی شکار ہوئے لیکن انتظامیہ پیسوں کی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

پاکستان سُپر کبڈی لیگ کے مالک حیدر داؤد نے جیو نیوز کو بتایا کہ کسی کھلاڑی یا کوچ کو نقد پیسے نہیں دیئے جائیں گے، یہ پروفیشنل لیگ ہے لہذا پیسوں کی ادائیگی بھی پروفیشنل طریقے سے ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ان کی رقم بذریعہ بینک اکاؤنٹس ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے بینک اکاونٹس نہیں ہیں اگر کسی کھلاڑی کا اکاونٹ ہے تو وہ فیملی کے کسی ممبر کے ساتھ مشترکہ ہے، لہذا تمام کھلاڑیوں اور کوچز کو اپنے اکاؤنٹس کھولنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کبڈی فیڈریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے لیٹر پیڈ پر کھلاڑیوں کے نام اور ان کے اکاؤنٹس نمبر لکھ کر دیں تاکہ پیسوں کی ادائیگی کو شفاف بنایا جاسکے۔

مزید خبریں :