31 مئی ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
ایک اعلامیے کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سندھ کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس کے دوران صوبے میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شاہ محمود این اے221، عارف علوی این اے 247، علی زیدی این اے244، لیاقت جتوئی این اے 234 سے تحریک انصاف کے امیدوارہوں گے۔
اجلاس کے دوران سندھ میں صوبائی اسمبلی کے17 حلقوں کیلئےبھی امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ عمران اسماعیل پی ایس 111 اور حلیم عادل شیخ پی ایس 99 سےانتخابات میں حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے جس کا شیڈول الیکشن کمیشن نے جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے یکم جون کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا اور امیدوار کاغذات نامزدگی 2 جون سے 6 جون تک جمع کرا سکیں گے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق 7 جون کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 14 جون 2018 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ ہو گی۔