Time 04 جون ، 2018
پاکستان

عمران نے نکاح چھپایا، وہ آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے: ریحام


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الزام عائد کیا ہےکہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے کیونکہ انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا۔

ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے اور ان سے یا سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کردی۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں  ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی، 'الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جاؤں گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر پی ٹی آئی میری کتاب سے کیوں پریشان ہے؟'

ریحام خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور اپنے سابق شوہر عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'جو نگران وزیر اعلیٰ کا نام نہیں دے سکا، وہ ملک کیا چلائے گا؟'

اپنی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ ان کی 'کتاب سے الیکشن کو کیا خطرہ؟جو تاریخ بہتر لگی، اُس وقت کتاب منظر عام پر آجائے گی'۔

ریحام خان کی کتاب کے معاملے پر پارٹی یقینی طور پر اپ سیٹ ہے، ترجمان تحریک انصاف

فواد چوہدری کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن سے پہلے خواتین کو استعمال کیا جا رہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 1988 میں بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کے خلاف حسین حقانی نیٹ ورک کو استعمال کیا اور ان کی جعلی تصاویر بنوا کر ہیلی کاپٹر سے پھینکی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کی بار بھی حسین حقانی اور ریحام خان کی تصاویر ساری کہانی بتا رہی ہیں کہ ہو کیا رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام میں منکوحہ عورت اور مرد ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں اور کسی بھی معاشرے میں طلاق کے بعد اپنے خانگی معاملات پر بات کرنا نا صرف تہذیب کے خلاف بلکہ بدتہذیبی ہے۔

ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انہیں تین سال تک کتاب لکھنے کا خیال کیوں نہیں آیا، الیکشن سے پہلے ہی کتاب لکھنے کا خیال کیوں آیا؟ ظاہر ہے وہ الیکشن کے ایجنڈے پر کام کر ر ہیں۔

ریحام خان نے شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈ لیے

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سلمان احمد نے الزام لگایا ہے کہ ریحام خان نے شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈ لیے ہیں، وہ تو کہہ رہے ہیں کہ ریحام ان کے خلاف عدالت جائیں اور اگر ریحام عدالت جاتی ہیں تو انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک جو باتیں سامنے آئی ہیں وہ یہ ہیں ریحام خان نے مسلم لیگ، مریم نواز اور شہباز شریف سے احسن اقبال کے ذریعے ملاقاتیں کیں اور ان سے پیسے لیے۔

تحریک انصاف کے اپ سیٹ ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کے الزامات پر پارٹی بالکل اپ سیٹ ہے کیونکہ وہ 11 ماہ تک عمران خان کے نکاح میں رہی ہیں اور اگر انہیں ہمارے لیڈر کے خلاف استعمال کریں گے تو پارٹی تو اپ سیٹ ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی شخص کی طلاق یافتہ بیوی کتاب لکھے گی تو وہ اس میں کیا لکھے گی، ظاہر ہے اس میں وہ اپنے سابق شوہر کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اس ایجنڈے کے اوپر ہماری مخالف پارٹی کے ذریعے استعمال ہو رہی ہیں تو وہ بدقسمتی ہے۔

ریحام خان کی کتاب پر اٹھنے والا تنازع

ریحام خان نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب 2 جون کو تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ وہ کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں۔

فواد چوہدری کے مطابق ریحام خان نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، اس ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ دراصل حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

تاہم احسن اقبال کی جانب سے اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔

دوسری جانب معروف گٹارسٹ و گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان نے عمران خان کو بدنام کرنے کے لیے کتاب لکھی ہے، جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے انہیں ایک لاکھ پاؤنڈز دیئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے انتخابات کے موقع پر ریحام خان کی کتاب شائع کرنے کو مخصوص ایجنڈا قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ریحام خان کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ ان کی کتاب کا متن لیک یا ہیک کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ بھی ہو یہ کتاب شائع ہو کر رہے گی۔ 

مزید خبریں :