ریحام خان نے عمران خان کیخلاف کتاب لکھنے پر ایک لاکھ پاؤنڈز لیے، سلمان احمد


پاکستان کے معروف گٹارسٹ و گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما سلمان احمد کا کہنا ہے کہ ریحام خان نے عمران خان کو بدنام کرنے کے لیے کتاب لکھی ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے انہیں ایک لاکھ پاؤنڈز دیے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے بتایا کہ ریحام خان کی کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز شریف بے قصور ہیں، شہباز شریف اگلے وزیر اعظم ہوں گے اور اس کے بعد مریم نواز جب کہ عمران خان کو  منافق اور جھوٹا انسان قرار دیا جو نماز یا روزہ بھی نہیں رکھتے۔

سلمان احمد نے بتایا کہ ان کے پاس عمران خان کی سابق اہلیہ کی وہ تمام ای میلز، اسکرین شاٹس اور دو کالز ہیں جس میں ان کو کہا گیا کہ وہ عمران خان کو بدنام کریں اور ان پر کیچڑ اچھالیں جس کو وہ بمعہ ثبوت ثابت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی شادی ختم ہوگئی تو اس کے بعد ہی ریحام خان نے انہیں ای میلز بھیجیں جس کے جواب اب تک نہیں دیے ہیں ۔

انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر میں کچھ بھی غلط کہہ رہا ہوں تو مجھ پر ہتک عزت لگائی جاسکتی ہے مجھے عدالت میں بلایا بھی جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بہت قریبی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریحام خان کو مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کے خلاف کتاب لکھنے پر 1 لاکھ پاؤنڈز بھی دیے ہیں۔

کتاب کے مسودہ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل:

ریحام خان کی کتاب شائع ہونے سے قبل صرف اس کے مسودے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا ہے اور انتخابات کے موقع پر کتاب شائع کرنےکو ایجنڈا قرار دیا جارہا ہے۔

حمزہ علی عباسی:

پی ٹی آئی کے حامی اور اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی ریحام خان کی کتاب کے مسودہ پر بذریعہ ٹوئٹ تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کتاب میں عمران خان کو سب سے بدترین جب کہ شہباز شریف کو سب سے بہترین انسان قرار دیا گیا ہے اور خود کو سب سے زیادہ مہذب خاتون اور تہجد گزار انسان بتایا گیا۔


فواد چوہدری:

 ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نےکہا کہ ریہام خان کی مریم نواز سے ملاقات کااہتمام احسن اقبال نے کروایا جس کا ان کے پاس مضبوط ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناقابل تردید شواہد نے سازش کا پول کھول دیا ہے اور ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشا حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا ہے۔


 احسن اقبال کی تردید:

جواب میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ریہام خان سےملاقات کرنے یا ملاقات کا اہتمام کرنےکی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا من گھڑت اور جھوٹی ای میلز سے دفاع کرنا شرم ناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریحام خان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی وہ صرف ایک اسٹوڈیو میں ایک دفعہ ملے تھے وہ بھی ان کی شادی سے قبل اور نہ ہی انہوں نے ریحام خان کی ملاقات مریم نواز سے کروائی ہے۔   

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مہربانی کرکے انہیں سابق میاں بیوی کے معاملے میں نہ گھسیٹا جائے ۔


دوسری جانب ریحام خان کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ ریحام کی کتاب کا متن لیک یا ہیک کر لیا گیا ہے تاہم کچھ بھی ہو ان کی کتاب شائع ہو کر رہے گی۔ 

مزید خبریں :