17 جون ، 2018
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سربراہ نے چیئرمین نادرا عثمان مبین کے خلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کیا ہے
ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے عثمان مبین کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پٹیشن بھی تیار کر لی ہے اور انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو بھی چیئرمین نادرا کے خلاف آواز اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے چیئرمین نادرا کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر کرنے کے لیے تیار کی گئی پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان مبین کو ن لیگ نے تعینات کیا تھا اور انہوں نے ن لیگ کو الیکشن جیتنے میں مددکے لیے ڈیٹا فراہم کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مؤقف ہے کہ عثمان مبین کی موجودگی میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہو سکتے اس لیے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔
تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے بھی چیئرمین نادرا عثمان مبین کے خلاف پٹیشن تیار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جلد الیکشن کمیشن میں چیئرمین نادرا کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی۔
دھاندلی کے الزامات مسترد
دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے ترجمان نے نادرا پر دھاندلی کے الزامات کو بےبنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
ترجمان نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ادارے کا عام انتخابات کے انعقاد میں محدود کردار ہے، نادرا الیکشن کمیشن کی آئین کے تحت تکنیکی مدد کر رہا ہے۔
عمران خان کی جانب سے مسلم لیگ ن کو ڈیٹا فراہم کرنے کے الزام پر نادرا حکام کا کہنا ہے کہ نادرا نےکسی قسم کا ڈیٹا کسی بھی سیایسی جماعت کو نہیں دیا گیا۔