26 جون ، 2018
پشاور: پاک فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ شہیدہوگئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی-سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔
ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد ایئربیس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے حادثے میں 2 پائلٹوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جب کہ حادثے پر ائیر ہیڈ کوارٹرز نے حادثے پر بورڈ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طیارے نے صبح 11 بجکر 40 منٹ پر کسٹمز لینڈنگ رن وے کے قریب تکنیکی خرابی کی بناء پر کریش لینڈنگ کی۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹیک آف کرکے جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیا، اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، جہاز کے کپتان نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کو رن وے کی جانب موڑنے کی کوشش کی لیکن کریش لینڈنگ کے دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی جبکہ فضا میں دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔