سیالکوٹ میں شہریوں نے سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کی گاڑی پر ڈنڈے برسادیئے


سیالکوٹ: سابق وزیر زاہد حامد بھی شہریوں کے غصے کا شکار ہوگئے اور پسرور کچہری کےدورے پر ناراض شہریوں نے ان کی گاڑی پر ڈنڈے برسادیئے۔

عام انتخابات کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو عوامی غیض و غضب کا سامنا ہے اور اب تک کئی امیدواروں کو ووٹرز نے گھیر کر ان کی کارکردگی پر باز پرس کی ہے۔

جیونیوز کےمطابق سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد سیالکوٹ کی پسرور کچہری میں اپنے بیٹے کے ہمراہ انتخابی نشان الاٹ کرانے کےلیے پہنچے تو واپسی پر وہاں موجود شہریوں نے انہیں گھیر لیا۔

شہریوں نے زاہد حامد کےخلاف نعرے بازی کی اور چور چور کےنعرے بھی لگائے، نعرے بازی پرسابق وزیر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے جس پر لوگوں نے گاڑی پر ڈنڈے اور مکے بھی مارے۔

زاہد حامد میڈیا اور شہریوں سے کوئی بھی بات کیے بغیر وہاں سے فوری روانہ ہوگئے۔

واضح رہےکہ گزشتہ دور حکومت میں کاغذات نامزدگی میں حلف نامے کا تنازع سامنے آنے کےبعد زاہد حامد نے وزارت قانون سے استعفیٰ دیا جب کہ وہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ان کی جگہ ان کے صاحبزادے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں۔

مزید خبریں :