10 جولائی ، 2018
بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں میں نامعلوم ملزمان نے ایک گھر میں گھس کر سوئے ہوئے خاندان پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تیزاب پھینکنے کا واقعہ چشتیاں کے محلہ غریب میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نےایک محنت کش اللہ دتہ کےگھر میں گھس کر سوئے ہوئے خاندان پر تیزاب پھینک دیا۔
واقعے میں 35 سالہ اللہ دتہ، اس کی 16 سالہ بیٹی شازیہ، 14 سالہ بیٹی رمشا اور 15 سالہ بھتیجا حیدر جھلس کر زخمی ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
تاہم تشویش ناک حالت کے باعث دونوں لڑکیوں کوملتان ریفر کردیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔