18 جولائی ، 2018
کراچی: شہر میں تالہ توڑ گروپ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا جس نے صدر کی مارکیٹ میں 11 دکانوں کے تالے توڑکر لاکھوں کا سامان لوٹ لیا۔
ایس پی صدر آصف بگھیو کےمطابق کراچی کے علاقے صدر میں تالہ توڑ گروپ نے گزشتہ شب کارروائی کی، چوروں نے مارکیٹ میں موجود چوکیدار کو رسیوں سے باندھا اور تشدد کیا جس کے بعد پہلی منزل سے گراؤنڈ فلور تک موجود دکانوں کے تالے توڑے اور سامان و نقدی لوٹ لی، صبح دکاندار مارکیٹ آئے تو انہوں نے دکانوں کے تالے ٹوٹے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
ایس پی نےبتایاکہ واردات میں 8 ملزمان شامل ہیں جو موٹرسائیکلوں اور گاڑی پر آئے، ملزمان نے دکانوں سے تقریباً 8 لاکھ روپے سے زائد کا سامان اور نقدی لوٹی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چوکیدار کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہےکہ ڈاکو پچھلے راستے سے مارکیٹ میں داخل ہوئے اور مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے۔
مارکیٹ کے چوکیدار نے نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکو رات تین بجے مارکیٹ میں داخل ہوئے اور صبح 5 بجے تک موجود رہے جب کہ انہوں نے چشمے اور گھڑیوں کی دکانوں سے لوٹ مار کی۔
دکانداروں نے الزام عائد کیا ہےکہ اطلاع دینے کے باوجود پولیس جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچی۔