پاکستان
Time 19 جولائی ، 2018

میثاق جمہوریت صرف جمہوریت کو بچانے کے لیے کیا گیا تھا، بلاول بھٹو


چنیوٹ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت صرف جمہوریت کو بچانے کے لیے کیا گیا تھا۔

چنیوٹ میں پریس کانفرنس کرتے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے لیے جہاں پہنچے ہیں عوام نے بھرپور استقبال کیا جس پر عوام کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے پارلیمان جانا چاہتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ پارٹی امیدوار ساتھ پارلیمان جائیں، عوام پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کو بھی کامیاب کریں کیوں کہ اکیلے جا کر پارلیمان میں کیا کروں گا؟

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور عوام کا رشتہ ختم کرنے کے لیے سازشیں کی گئیں اور اسی سازش کے تحت بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نظریاتی اور وفاقی پارٹی ہے جو پنجاب میں نظریاتی بحران کو ختم کرے گی جب کہ ہم نے پارلیمنٹ میں جاکر آئین اور نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی تنقید کے جواب میں اُن کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت صرف جمہوریت کو بچانے کے لیے بنایا گیا تھا اور جس وقت ہم میثاق جمہوریت بنا رہے تھے تو اس وقت شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کہ پیپلزپارٹی آج بھی اداروں اور نظام کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، جو پیپلزپارٹی کے پاکستان بچانے کے منشور پر ساتھ دے سکتے ہیں ان سے اتحاد ہوسکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی کی کوشش ہورہی ہے تو نہیں ہونی چاہیے اور کمزور جمہوریت بھی مضبوط آمریت سے بہتر ہے۔

مزید خبریں :