04 فروری ، 2012
اسلام آباد … سینیٹ الیکشن کے لئے مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی کوششیں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں، پیپلزپارٹی ق لیگ کو 7 نشستیں دینے پر آمادہ ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لئے پاکستان مسلم لیگ ق نے 11 سیٹیں مانگی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی 7 نشستیں دینے پر آمادہ ہے۔ مسلم لیگ ق نے وفاق سے 1، پنجاب سے 3، بلوچستان سے 5 اور سندھ اور خیبرپختونخوا سے ایک، ایک نشست مانگی۔ سینیٹ الیکشن کے لئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے حتمی فیصلہ پیر کو دونوں جماعتوں کی قیادت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے اسلام آباد سے وسیم سجاد، پنجاب سے مشاہدحسین سید، کامل علی آغا، مصطفی ملک، جبکہ سندھ سے حلیم عادل شیخ کے لئے سینیٹ نشست مانگی ہیں۔