28 جولائی ، 2018
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے اُن حلقوں کی تفصیلات جاری کر دیں، جہاں سب سے زیادہ ووٹ مسترد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ووٹ منڈی بہاؤ الدین کے حلقے این اے 86 سے مسترد کیے گئے۔
اس حلقے میں 15 ہزار 568 ووٹ مسترد کیے گئے، یہاں سے مسلم لیگ (ن) کے ناصر اقبال بوسال 67 ہزار ووٹوں کے فرق سے جیتے۔
اسی طرح این اے 197 کشمور میں 15 ہزار 340 ووٹ مسترد ہوئے، اس حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے احسان الرحمٰن مزاری کو کامیابی حاصل ہوئی۔
این اے 196 جیکب آباد میں 13ہزار 660 ووٹ مسترد ہوئے، اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے محمد میاں سومرو نے نشست جیتی۔
این اے 260 نصیر آباد میں 13 ہزار597 ووٹ مسترد ہوئے، اس حلقے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی کو کامیابی حاصل ہوئی۔
جب کہ این اے 205 گھوٹکی میں 13ہزار 458 ووٹ مسترد ہوئے، جہاں سے آزاد امیدوار علی محمد خان مہر جیتے۔