30 جولائی ، 2018
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے الاؤنس نہ ملنے کے باعث ایشین گیمز میں شرکت سے انکار کر دیا۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے انڈونیشیا کے شہر جکارتا میں ہونے والے ایشین گیمز کے لیے ٹرائل دیے۔
بعد ازاں کپتان رضوان سینئر سمیت تمام کھلاڑیوں نے ایک اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہر کھلاڑی کے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 8 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا کیمپ لگایا گیا، پھر ایک کیمپ کراچی میں اور ایک کیمپ ہالینڈ میں لگایا گیا لیکن الاؤنس نہیں دیے گئے اور پھر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بغیر الاؤنس کے ہی چیمپئنر ٹرافی میں شرکت کی۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہم ایشین گیمز کے لیے ٹرائل بھی دیں گے اور ٹریننگ میں بھی حصہ لیں گے لیکن اگر 27 کھلاڑیوں کے تمام واجبات ادا نہیں کیے گئے تو ہم ایشین گیمز میں شرکت نہیں کریں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ بغاوت نہیں کر رہے اپنا حق مانگ رہے ہیں جب کہ عمران بٹ کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ 1996 میں بھی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سہولیات نہ ملنے کے خلاف اسی قسم کی بغاوت کی تھی۔