04 فروری ، 2012
لاہور…پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت انسداد دہشت گردی کورٹس پاکستان کے مانیٹرنگ جج جسٹس میاں شاکر اللہ جان نے کی۔اجلاس کے دوران دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے جلد فیصلوں، مقدمات کی تفتیش اور جج صاحبان کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ جسٹس میاں شاکر اللہ جان نے تمام مسائل کے سدباب کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شیخ احمد فاروق، پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے جج صاحبان، ہوم سیکرٹری،آئی جی پنجاب، صوبے کے تمام آر پی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔