02 اگست ، 2018
اسلام آباد: ہم خیال جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی جیو نیوز نے پتہ چلا لی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کو وزیراعظم کا امیدوار لانے کی پیشکش کی لیکن پیپلز پارٹی کے اراکین نے جواب دیا کہ آپ کی نشستیں زیادہ ہیں اس لیے یہ آپ کا حق ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ احتجاج میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔
اجلاس میں تمام جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے باہر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا، اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور راولپنڈی اور کوئٹہ میں شدید احتجاج کیا جائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے شہروں کے احتجاج میں اے پی سی میں شریک جماعتوں کی قیادت بھی شریک ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ہم خیال جماعتوں نے اتحاد کے ٹی او آرز اور فیصلوں کا اعلان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کرے گی جو 3 روز میں ٹی او آرز طے کرے گی۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج رات کو ہی ہو گا جس میں تمام ہم خیال جماعتوں کے اراکین شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حلف برداری کے موقع پہ اسلام آباد میں احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، احتجاجی جلسہ ریڈ زون کے قریب کیا جائے گا۔