عمران خان نے دوست مزاری کو ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کردیا

دوست مزاری کو ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا امیدوار نامزد کرلیا گیا، ترجمان پی ٹی آئی۔

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے لیے ڈپٹی اسپیکر کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق دوست مزاری کو ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا امیدوار نامزد کرلیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرویز الہیٰ کو پہلے ہی اسپیکر نامزد کر چکی ہے۔

اس سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا۔

قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت اور حلف اٹھانے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پارلیمنٹ سے روانہ ہونے لگے تو انہیں میڈیا نمائندوں نے آگھیرا اور اس موقع پر انہوں نے انتہائی مختصر گفتگو کی۔

صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ میں اس بار سب سے زیادہ جوش خروش سے 14 اگست مناؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا، جس پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ پنجاب کاچناؤ مشکل فیصلہ ہے؟ تو عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا اور مسکرا کر آگے نکل گئے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف نے 123 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور 29 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہوئے جس کے بعد ان کی تعداد 142 ہو گئی۔

خواتین کی مخصوص 33 اور اقلیت کی 4 نشستیں حاصل کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 179 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :