پاکستان
29 جولائی ، 2012

صدر زرداری ذاتی مفادات کیلئے عدالتی حکم نہیں مان رہے، لیاقت بلوچ

صدر زرداری ذاتی مفادات کیلئے عدالتی حکم نہیں مان رہے، لیاقت بلوچ

کراچی … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس سوئس حکام کو خط لکھنے کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں، صدر آصف علی زرداری ذاتی مفادات کی خاطر عدالتی احکامات کو نہیں مان رہے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کھوکھرا پار میں عوامی افطار کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک ہمیں توبہ، استغفار اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کا درس دیتا ہے،برما میں مسلمانوں کے قتل و غارت پر او آئی سی اور اقوام متحدہ کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ مصر، ترکی اور تیونس کی طرح مسلمان ہر جگہ پر بیدار ہوں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کے واقعات نے کراچی کے چہرے کو مسخ کردیا ہے، ملک کے حالات بد سے بدتر ہورہے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کر کے حکمران پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے ذلت آمیز معاہدہ کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر زبردستی ووٹ ڈالنے کو کلچر کو تبدیل ہونا چاہئے، عوام کو آزادی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس سوئس حکام کو خط لکھنے کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں، صدر آصف علی زرداری ذاتی مفادات کی خاطر عدالتی احکامات کو نہیں مان رہے۔

مزید خبریں :