29 جولائی ، 2012
راولپنڈی … عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں گھی، چینی، آٹا،مرغی، ادویات سمیت12 ضروری اشیاء بددیانت لوگوں کے کنٹرول میں ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ کیلا 300 روپے درجن ہے جبکہ دستی بم 170 میں مل جاتا ہے۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ 7 بڑے سیاسی خاندانوں نے 18 کروڑ عوام کو اپنا مزارع بنا رکھا ہے، موجودہ پارلیمنٹ عوامی اعتماد کھوچکی ہے، یہ رہے یا ختم ہوجائے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے غربت، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف کانفرنس نہیں بلائی نہ ہی کسی نے اس مقصد کیلئے لانگ مارچ کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ عوام 13 اگست کو لیاقت باغ کو تحریر اسکوائر بنادیں گے۔