Time 24 اگست ، 2018
پاکستان

خان میٹر — اب کپتان کے وعدوں اور کارکردگی پر نظر رکھنا ممکن

’خان میٹر‘ کو صوابی سے تعلق رکھنے والے نوجوان سلمان سعید نے ڈیزائن کیا ہے—.ویب سائٹ اسکرین گریب

'تبدیلی' اور 'نئے پاکستان' کے وعدوں کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی نئی حکومت نے کام شروع کردیا ہے، جو ملک میں احتساب کی نئی تاریخ رقم کرنا چاہتی ہے، لیکن عمران خان اپنے کیےگئے وعدوں پر کتنے فیصد عمل کر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی کیسی ہے، اس سب کی جانچ پڑتال کے لیے ’خان میٹر‘ نے بھی اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔

خان میٹر ڈاٹ کام دراصل ایک ویب سائٹ ہے جسے صوابی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سلمان سعید نے ڈیزائن کیا ہے۔

اس ویب سائٹ کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے حکومت سنبھالنے سے قبل ایک 100 روزہ پلان کا اعلان کیا تھا، یہی وجہ ہے کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے حکومت کے پہلے 100 روز کےاندر اُن وعدوں اور منصوبوں کا احاطہ کیا جائے گا، جو ابھی شروع ہی نہیں ہوئے (Not Started)، جن پر ابھی عمل جاری ہے (In Progress)، جو مکمل ہوگئے ہیں (Achieved)، یا جنہیں بالکل نظرانداز کردیا گیا ہے یعنی (Broken)۔

ویب سائٹ اسکرین گریب—۔

خان میٹر ویب سائٹ کے مطابق اب تک 100 میں سے 7 دن گزر چکے ہیں، جس کے دوران 35 وعدوں میں سے 32 وعدوں پر عملدرآمد کا آغاز نہیں ہوا ہے، 3 وعدوں پر کارکردگی دکھائی جارہی ہے، جبکہ فی الحال نہ تو کوئی وعدہ/منصوبہ مکمل ہوا ہے اور نہ ہی کوئی وعدہ توڑا گیا ہے۔

تاہم جیسے جیسے وعدوں پر عمل ہوگا، ویسے ہی اس ویب سائٹ پر نئی کابینہ اور عمران خان کی کارکردگی درج ہوتی رہے گی۔

اس ویب سائٹ پر لوگوں کو تبصروں اور بہتر پاکستان کے لیے مشوروں کا آپشن بھی دیا گیا ہے، لیکن کچھ اصول وضوابط کے ساتھ جو کہ ویب سائٹ پر درج ہیں۔

ویب سائٹ اسکرین گریب—۔

جیو ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان سعید کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان کی شخصیت سے زیادہ ان کا نظریہ پسند ہے، جنہوں نے آکر یہ شعور پیدا کیا ہے کہ قوم حکومت سے اپنے سوالوں کے جوابات لینے کی حقدار ہے اور حکومت جوابدہ ہے کہ قوم کا دیا گیا ٹیکس کہاں جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا اور اب اس کو حاصل کرنا بھی ان کا کام ہے جبکہ حکومت کا مقصد صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

سلمان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب رہنما اچھا ہوتا ہے تو ٹیم بھی اچھی کاکردگی دکھاتی ہے، اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں کہا کہ احتساب ہم سے شروع ہوگا لیکن عمران خان نے کہا کہ احتساب ہمارا بھی ہے، گزشتہ حکومتوں نے انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کی بات کی، لیکن عمران خان نے بہتر انسان اور قوم بنانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور آن لائن مارکیٹنگ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عمران خان کے وعدوں پر ایک آن لائن پلیٹ فارم بنایا ہے تاکہ ان کی جانچ پڑتال کی جاسکے کہ کیا انہوں نے وعدے پورے کیے۔

ان کا  کہنا تھا کہ '2023 میں خان میٹر ویب سائٹ مثال ہوگی کہ عمران خان کے 5 سالہ دور حکومت میں کیا کیا کام ہوئے اور کتنی بہتری لائی گئی ہے'۔  

سلمان نے مزید بتایا کہ وہ کوئی جج نہیں جو عمران خان یا کسی کا بھی احتساب کریں۔

ان کا کہنا تھا، 'میں ایک شہری ہوں اور اب ہم سب کو یہ شعور ہے کہ ہم اپنے حق کے بارے میں سوال پوچھ سکیں'۔

مزید خبریں :