پاکستان
Time 06 ستمبر ، 2018

سیاسی و حکومتی شخصیات کا یوم دفاع پر شہدا کو خراج عقیدت

وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سیاسی و حکومتی شخصیات کا بیان۔ فوٹو: فائل

کراچی: سیاسی رہنماؤں اور حکومتی شخصیات نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع سے متعلق اپنے پیغام میں شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کو شایانِ شان انداز میں منانا ہی ملکی سرحدوں اور جمہوریت کی حفاظت ہے، انتہا پسندی و عسکریت پسندی بنیادی خطرہ ہے، تمام قوم و اداروں کو دفاعِ وطن کی خاطر ایک پیج پر ہونا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے خطے میں بھارت کے جوہری تسلط آمیز ارادوں کو بھانپ لیا تھا اس لیے انہوں نے سیکیورٹی توازن برقرار رکھنے کے لیے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاک وطن کے دفاع کے لیے قوم تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہمیں پاکستان کے جغرافیہ کے ساتھ اس کے نظریہ کی بھی حفاظت کرنا ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم 1965 کی جنگ جیسا جذبہ برقرار رکھے، عسکریت پسند اور انتہا پسند قوم کے دشمن ہیں، قوم وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے کہا کہ آج تجدید عہد کے دن پر شہیدوں کو سلام جن کا خون ہماری آزادی کی ضمانت ہے اور ان غازیوں کو بھی سلام جن کی شجاعت ہماری سرحدوں کا ناقابل تسخیر دفاع ہے۔ 

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کو افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا، آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا اور غازیوں کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، نئے پاکستان میں پوری قوم نئے جوش اور ولولے کے ساتھ یوم دفاع و شہداء منا رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاک افواج نے دفاع وطن کی جنگ میں بہادری کی بےمثال داستانیں رقم کیں، 65ء کی جنگ میں پاک افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اور پاک افواج نے پاکستان پر جارحیت کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن بے انتہا اہمیت رکھتا ہے، 1965ء میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر تاریخ رقم کی گئی۔

گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وطن کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم 1965ء کی طرح آج بھی متحد ہے، قوم دشمن کے ارادوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرُ عزم ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کیں، مسلح افواج کا عزم آج بھی اتنا ہی بلند ہے جتنا 1965ء کی جنگ کے دوران تھا۔