30 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ارسلان افتخار کیس کے مرکزی کردار اور بحریہ ٹاوٴن کے سابق سربراہ ملک ریاض کا کہنا ہے کہ مزید ثبوت فراہم کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے، مجھے جھوٹے کیسز میں پھنسایا جارہا ہے، سپریم کورٹ دیکھے کون سچا ہے کون جھوٹا۔ بحریہ ٹاوٴن کے سابق سربراہ ملک ریاض نے نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس مقدمے میں مجھے اشتہاری قرار دیا گیا سپریم کورٹ اس کا ریکارڈ منگوا کر جائزہ لے اور دیکھے کہ کون سچا ہے اور کون جھوٹا، اگر جھوٹا ثابت ہوجاوٴں تو عمر قید کی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارسلان افتخار کیس میں مزید ثبوت فراہم کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے، سپریم کورٹ کو مجھے انصاف دینا ہوگا، مجھے کسی سے انصاف نہیں مل رہا، مجھے جھوٹے کیسز میں پھنسایاجارہا ہے۔