09 ستمبر ، 2018
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک اور سرکاری گاڑی چھین لی گئی۔
گاڑی سندھ اسمبلی کی ہے اور گاڑی کا نمبر جی ایس سی 748 ہے ، گاڑی ڈرائیور فرحان علی اپنے دوستوں سے ملنے سچل کے علاقے میں آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دو سال کے دوران شہر میں 64 سرکاری گاڑیاں چھینی اور چوری کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ 2017 اور 2018 کے دوران 25 سرکاری گاڑیاں چوری اور 39 گاڑیاں چھینی گئیں۔
ایک اندازے کے مطابق ان گاڑیوں کی مالیت تقریب 10 کروڑ روپے بنتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن سرکاری افسران کی گاڑیاں چوری یا چھینی گئیں ہیں انہیں نئی گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی تھی۔
واقعہ ڈیفنس خیابان بخاری میں پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان کے ڈرائیور سے گاڑی چھینی۔
وسیم اختر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست جمع کرادی۔
کراچی میں سرکاری گاڑی چھینے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصہ میں شہر قائد سے متعدد سرکاری گاڑیوں کو چھینا جاچکا ہے۔