Time 28 ستمبر ، 2018
پاکستان

راولپنڈی:کالج ہاسٹل میں زہریلی چیز کے کاٹنے سے ساتھی کی ہلاکت پر طالبات کااحتجاج


راولپنڈی: گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سکستھ روڈ کے ہاسٹل میں مبینہ طور پر کسی زہریلی چیز کے کاٹنے کے نتیجے میں ایک طالبہ کی ہلاکت کے بعد دیگر طالبات نے کالج انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

جاں بحق ہونے والی طالبہ عروج بی ایس کی طالبہ تھی، جس کا تعلق فتح جنگ سے بتایا گیا ہے۔

طالبات نے الزام عائد کیا کہ عروج کسی زہریلی چیز کے کاٹنے سے جاں بحق ہوئی، رات کو ہاسٹل وارڈن کو اس کی طبیعت خرابی کی اطلاع دی گئی مگر اسے اسپتال نہیں لے جایا گیا۔

ایک طالبہ کے مطابق مطابق آج صبح تک بھی اس کی سانسیں چل رہی تھیں، جس پر ساتھی طالبات نے ریسکیو 1122کو بلایا، لیکن وارڈن نے زحمت نہیں کی۔

طالبات کے مطابق کالج انتظامیہ نے طالبہ کی موت کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تو کسی نے کہا کہ اس کے دل میں سوراخ تھا۔

ساتھی طالبات نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والی طالبہ کے والدین بھی اس دنیا میں نہیں ہیں۔

آج صبح طالبات نے عروج کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا اور کالج کی بسوں کو بھی کالج سے باہر جانے سے روک دیا۔

بعدازاں طالبہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید خبریں :