پاکستان
Time 06 اکتوبر ، 2018

فالودے والے کے بعد لاڑکانہ کا طالب علم بھی لاعلمی میں ارب پتی بن گیا


کراچی کے فالودے والے کے بعد لاڑکانہ کے طالب علم کے نام پر بھی اربوں روپے کے ٹریڈ اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا ہے۔

اورنگی ٹاون کے فالودہ شربت والے شہری کی طرز پر ٹریڈ اکاؤنٹ کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے لیکن اس بار اندرون سندھ اکاؤنٹ کھولا گیا۔

لاڑکانہ کے ایک طالب علم کے نام پر بڑی تعمیراتی کمپنی نے اکاؤنٹ کھولا اور اس اکاؤنٹ میں 14-2013 کے دوران ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانسیکشنز ہوئیں تاہم اب بھی اس کے اکاؤنٹ میں 3 کروڑ روپے موجود ہیں۔

اس اکاؤنٹ کی ایس ٹی آر یعنی سسپیشیس ٹرانسیکشن رپورٹ بھی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے ایف آئی اے کو بھیجی تھیں، جس طالب علم کے قومی شناختی کارڈ پر اکاؤنٹ کھولا گیا، اس سے ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے بھی اسے طلب کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کو دیئے گئے بیان میں طالب علم نے اکاؤنٹ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاون کے فالودے شربت والے قادر کے کیس میں بھی پیشرفت ہوئی ہے اور ایف آئی اے نے پشاور میں کارروائی کرکے 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پکڑے گئے پانچوں افراد حوالہ اور ہنڈی کا کام کرتے ہیں۔

اورنگی ٹاون کے رہائشی عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں دوارب 25 کروڑ روپے 15-2014 میں منتقل ہوئے تھے۔

عبدالقادر اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی سے لاعلم رہا اور اس کا کہنا تھا کہ میں انگوٹھا چھاپ آدمی ہوں، اردو میں دستخط نہیں کرسکتا، انگریزی میں کیسے کروں گا؟

مزید خبریں :