پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2018

سوشل میڈیا سے سیکھ کر کینوس پر رنگ بکھیرنے والی پشاور کی باکمال آرٹسٹ


پشاور: آج کل کے طلبا کو یوں تو ڈاکٹر اور انجینئر بننے سے زیادہ فنون لطیفہ کے مضامین میں دلچسپی ہے جس کے لیے وہ فن تعلیم کے بڑے اداروں میں داخلہ بھی لیتے ہیں لیکن بغیر تعلیم حاصل کیے فن مصوری کا ماہر بن جانا ایک انوکھی بات ہے۔

جی ہاں پشاور سے تعلق رکھنے والی طالبہ سونیا شمروز بغیر سیکھے اس شاندار مہارت سے مصوری کرتی ہیں کہ ان کے بنائے گئے فن پارے دیکھ کر لوگ سمجھتے ہیں کہ شاید انہوں نے اس کی باقاعدہ تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

سونیا شمروز ایم فل کیمسٹری کی طالبہ ہیں، لیکن خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جن میں زبردست پینٹنگ بنانا بھی شامل ہے۔  

سونیا نے مصوری کا فن کسی سے سیکھا نہیں بلکہ سوشل میڈیا سے دیکھ دیکھ کر کینوس پر خوبصورت رنگ بکھیرنے شروع کیے اور اب وہ اس کام میں ماہر ہوگئی ہیں۔

سونیا کے مطابق انہیں پینٹنگ کا شوق بچپن سے تھا لیکن مصوری کا باقاعدہ آغاز انہوں نے 2 برس قبل کیا۔

اور اب وہ کیمسٹری کے مضمون اور مصوری کو ساتھ لے کر زندگی میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

ان کی رنگوں سے بھری ہوئی تصاویر گھر، سماج، معاشرت اور زندگی و موت کی کشمکش جیسی کہانیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

سونیا نے ایک آن لائن آرٹ گیلری بھی کھول رکھی ہے جس کے ذریعے وہ ایک سو سے زائد پینٹنگز فروخت کر چکی ہیں۔

مزید خبریں :