پاکستان
Time 18 اکتوبر ، 2018

افغانستان کے حالات بہتر ہونے تک وہاں سے اتحادی فوج کا انخلا نہیں چاہتے: دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے: ترجمان دفتر خارجہ_ فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہےکہ پاکستان کا دیرینہ مؤقف ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں اور پاکستان افغانستان کے حالات بہتر ہونے تک وہاں سے اتحادی فوج کا انخلا نہیں چاہتا۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی، وزیر خارجہ نے کانفرنس میں علاقائی روابط اور سی پیک پر روشنی ڈالی اور وزیراعظم عمران خان کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اور ایرانی ہم منصب میں ایرانی بارڈر گارڈز کے اغوا پر بات ہوئی، اس معاملے پر دونوں اطراف کے ڈی جی ایم اوز رابطے میں ہیں، جواد ظریف نے پاکستان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں ڈاکٹر منان وانی سمیت 7 کشمیری شہید کیےگئے، بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر پابندی لگائی۔

ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھاکہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے منان وانی کی شہادت پر مذمتی قرار داد منظور کی، پاکستان بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے، بھارتی مظالم انسانی حقوق کے چیمپئنز کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے تو ننھی زینب کے زیادتی اور قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا، مقبوضہ کشمیر کے مندر میں ننھی آصفہ کے زیادتی اور قتل کے مجرمان کو سزا نہیں ہوئی، کشمیری بچی آصفہ کے اہلخانہ بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

افغان مسئلے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمت کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں البتہ دوحہ میں ہونے والی کسی ملاقات اور پیش رفت کا علم نہیں، پاکستان کا دیرینہ مؤقف ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، امریکا اور افغانستان اس مؤقف کو سمجھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی سے خوفزدہ نہیں ہے،پاکستان چاہتا ہے افغانستان کے حالات بہتر ہونے تک اتحادی فوج کا انخلا نہ ہو، اتحادی فوج کے افغانستان سے انخلا سے سیکیورٹی مسائل پیدا ہوتے ہیں،اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت اتحادی فوج افغانستان میں ہے، پاکستان چاہتا ہے افغانستان کے امن کے لیے 17 سال سے جاری جدوجہد کامیاب ہو۔

مزید خبریں :