Time 21 اکتوبر ، 2018
پاکستان

کراچی ضمنی الیکشن: لکی اسٹار کے قریب پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کےکارکنان آمنے سامنے


کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 اور سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 میں ضمنی انتخابات کے دوران سیاسی گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ایس 111 پر گورنر سندھ عمران اسماعیل فاتح قرار پائے تھے تاہم عارف علوی اور عمران اسماعیل کے منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں جن پر آج ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہورہی ہے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی—۔ جیونیوز اسکرین گریب

صبح 8 بجے پولنگ کے آغاز کے بعد صورتحال معمول پر رہی، تاہم بعدازاں کراچی کے علاقے صدر لکی سٹار کے قریب لگائے گئے سیاسی کیمپوں میں موجود پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق کارکنان تقریباً 15 سے 20 منٹ تک آمنے سامنے رہے اور نعرے بازی کی۔

جس پر پہلے پولیس اور بعدازاں رینجرز نے آکر کارکنوں کو منتشر کیا، جس کے بعد صورتحال معمول پر آگئی۔

مزید خبریں :