Time 22 اکتوبر ، 2018
پاکستان

یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دے دیا


اسلام آباد: ملک بھر سے  آئے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنا دے دیا، تنخواہیں بڑھانے اور ملازمتیں مستقل کیے جانے سمیت 6 مطالبے کردیے، اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے ملازمین کو پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف جانے سے روک دیا۔

جیونیوز کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی ریلی اسٹور ہیڈ آفس سے نکالی گئی، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملک بھر سے آئے ملازمین اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا جس کے باعث ڈی چوک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

دھرنے کے دوران مظاہرین اور حکومتی عہدیداران کے درمیان مذاکرات ہوئے جو ناکام ہوگئے جس کے بعد مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس تک جانے کا اعلان کیا تاہم انتظامیہ نے انہیں پارلیمنٹ کی طرف جانے سے روک  دیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہےکہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے 7 ہزار ملازمین کو مستقل کیا جائے اور حکومت کی طرف سے جو سبسڈی میں خرد برد کا الزام لگایا گیا ہے اس کے دستاویزی ثبوت پیش کیے جائیں۔

احتجاج کے باعث پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری ڈی چوک، بلیوی ایریا اور ریڈزون میں تعینات کی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ مظاہرین کو بلیو ایریا تک جانے کی اجازت دی گئی ہے، انہیں اس سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید خبریں :