05 فروری ، 2012
پشاور…بھارتی جبر و استبداد کے خاتمے اور حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے والی کشمیری قوم کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے پشاور میں ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر، خیبر پختونخواہ سرکل کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی پشاور کے میلاد چوک سے شروع ہوئی۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا شاخ کے جنرل سیکرٹری محمد سعید بٹ کررہے تھے۔ ایم پی اے شازیہ اورنگزیب اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ریلی میں شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء نے بینر، پلے کارڈ اور قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی چوک یادگار پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگیا۔ جلسے سے خطاب میں محمد سعید بٹ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔