Time 03 نومبر ، 2018
پاکستان

میڈیا ہاؤسز حملہ کیس: فاروق ستار، عامر خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد


کراچی: انسدادہشت گردی عدالت نے میڈیا ہاؤسز حملہ کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 22 اگست 2016 کو میڈیا ہاؤسز پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران فاروق ستار، عامرخان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے تفتیشی افسران اور گواہان کو نوٹسز بھی جاری کردیئے۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں۔

ان مقدمات میں عدالت بانی ایم کیو ایم الطاف حسین، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد سمیت 8 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

نہیں تھا کہ بانی کیا تقریر کرنے والے ہیں، فاروق ستار

دوسری جانب ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے مقدمات کے حوالے سے کہا ہےکہ  یہ عدالتی تقاضہ ہے، ایک مرحلے پر فرد جرم عائد ہونا ہوتی ہے، ہم پر ملک دشمنی کا الزام لگایا گیا ہے، 22 اگست کو ہم لندن سے علیحدہ ہوگئے تھے، ہم نے کھلے دل سے کہہ دیا تھا کہ ہمارا لندن سے کوئی تعلق نہیں، جب ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا ہے تو یہ مقدمات نہیں بننےچاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جن 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں سے زیادہ تر تقریر میں موجود ہی نہیں تھے، ہم میں سے کسی کو 22 اگست کو یہ معلوم نہیں تھا کہ بانی کیا تقریر کرنے والے ہیں، یہ سیاسی مقدمات ہیں، لیکن ہم پھر بھی کوئی این آر او نہیں مانگ رہے۔

مزید خبریں :