Time 04 نومبر ، 2018
پاکستان

پاکستان اور چین عالمی وعلاقائی معاملات پر رابطوں کو مربوط بنائیں گے: مشترکہ اعلامیہ

دونوں ملکوں میں 15 معاہدوں پر دستخط، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، اعلامیہ۔ فوٹو: عمران خان آفیشل فیس بک اکاؤنٹ

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کے اہم دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی معاملات پر تعاون اور رابطوں کو مربوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں میں 15 معاہدوں پر دستخط ہوئے جب کہ وزیراعظم نے چینی قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو قبول کرلی گئی۔ 

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سیکیورٹی کونسل کی دہشت گردی سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں اس لیے تمام ممالک یو این پابندیوں کے معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے باز رہیں۔

دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ عالمی دہشت گردی سے متعلق جامع کنونشن کا اتفاق رائے سے مسودہ تیار کیا جانا چاہیے جب کہ مقاصد کے حصول کے لیے قانون کی حکمرانی اور طویل المدتی جامع رولز بنائے جائیں۔

مشترکہ اعلامیے میں چین کی جانب سے پاکستان کی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ملک عالمی اور علاقائی معاملات پر مشترکہ تعاون اور رابطوں کو مربوط بنائیں گے اور یو این سمیت تمام عالمی فورمز پر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ ہمیشہ مضبوط رہے گی اور مستقبل میں پاک چین کمیونٹی کی سطح پر تعلقات کو مستحکم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق عالمی، خطے اور مقامی حالات جیسے بھی رہے، دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط ہوئی ہے، دونوں ملک 2005 میں مشترکہ طور پر دستخط کردہ فرینڈ شپ ٹریٹی کے رہنما اصولوں پر کار بند ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں :