05 نومبر ، 2018
کراچی: ضلع وسطی میں بینکوں سے بھاری رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹنے والا گروہ سرگرم ہوگیا۔
کراچی کے ضلع وسطی میں بینکوں سے بھاری رقم لے کر نکلنے والے لوگوں کی ریکی کرکے انہیں لوٹنے والا چار رکنی گروہ سرگرم ہے جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون اور مرد بل جمع کرانےیا اکاؤنٹ کھلوانے کے بہانے بینک میں موجود ہوتے ہیں، ادھیڑ عمر خاتون اور مرد بینک سے بڑی رقم لے کر نکلنے والوں کا تعاقب کرتے ہیں جس کےبعد وہ فون پر دیگر دو ساتھیوں کو اطلاع دیتے ہیں جو انہیں لوٹتے ہیں۔
پولیس کی جانب سے وارداتوں میں ملوث خاتون اور مرد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان عائشہ منزل، طاہر ولا اور گلبرگ سمیت دیگر علاقوں میں متعدد وارداتیں کرچکے ہیں، ملزمان کی فوٹیج جاری کرنے کا مقصد عوام کو محتاط رکھنا ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔