پاکستان
Time 23 نومبر ، 2018

پاکستان نے مثبت قدم اٹھایا، کاش بھارتی قیادت میں بھی اتنی جرأت ہو: وزیر خارجہ

بھارت اندرونی سیاسی دباؤ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گیا مگر ہماری امن خواہش برقرار ہے: شاہ محمود قریشی_ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ پاکستان نے کرتارپور بارڈر پر ایک مثبت قدم اٹھایا اب کاش بھارتی قیادت میں بھی اتنی جرأت ہو۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت معرضِ وجود میں آئی تب سے بھارت سے امن کی بات کی، وزیراعظم نے پہلی تقریر میں کہا کہ آپ ایک قدم اٹھائیں گے تو ہم دو قدم اٹھائیں گے لیکن بھارت اندرونی سیاسی دباؤ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گیا مگر ہماری امن کی خواہش برقرار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہم نے ایک راستہ کھولا ہے جس سے سکھوں میں خوشی کی لہر دوڑی ہے، وزیراعظم 28 نومبر کو اس کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور آئندہ سال دنیا دیکھے گی کس تعداد میں سکھ پاکستان آئیں گے، اس سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گے اور لوگوں میں محبت بڑھے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ کاش بھارتی قیادت میں اتنی جرأت ہو، جس طرح ہم نے دلوں کو جوڑنے کی کوشش کی، کشمیر میں جو بربریت ہورہی ہے اور لوگ آنے جانے کی دیرینہ خواہش رکھتے ہیں، ان کے میل ملاقات میں آسانی ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک مثبت قدم اٹھایا ہے، امید ہے کہ بھارت کی قیادت میں اتنی جرأت ہوگی کہ وہ اس مثبت قدم کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔

واضح رہےکہ بھارت نے پاکستان کی تجویز مانتے ہوئے کرتارپور بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی 28 نومبر کو کرتارپور بارڈر پر کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

مزید خبریں :