Time 23 نومبر ، 2018
پاکستان

چینی قونصلیٹ حملہ: دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے شہید ہونے والے بہادراہلکار



کراچی: چینی قونصلیٹ پر حملے کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے  اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل عامر خان نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

شہید ہونے والے 35 سالہ پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی اور بھتیجا بھی پولیس فورس کے شہید ہیں جنہوں نے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر حملے کے دوران جام شہادت نوشں کیا۔

شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی عجب خان نے جیو نیوز سےگفتگو میں بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد عامر کے دوست کا فون آیا اور اس نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ ہوا ہے اور عامر کا فون نہیں لگ رہا۔

عجب خان کے مطابق انہوں نے اپنے دوسرے بھائی کو جناح اسپتال بھیجا تو وہاں سے پتا چلا کہ عامر شہید ہوگیا ہے۔

عجب خان کے مطابق شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کا ایک 2 ماہ کا بیٹا اور ڈھائی سال کی بیٹی ہے جبکہ بڑے بھائی کے ساتھ ساتھ ان کا بھتیجا بھی شہید ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا، 'ہم 5 بھائی تھے، 2 شہید ہوگئے اور ایک بھتیجے نے بھی پولیس فورس میں رہتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ 

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا۔

دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل عامر خان اور اے ایس آئی اشرف داؤد شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔

 کراچی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت، آرمی چیف کا خراج عقیدت

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مادر وطن سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پر عزم ہیں۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا


چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید اے ایس آئی اشرف داؤد لیاری کا رہائشی تھا جس کی عمر 48 سال تھی،اس کا ایک بیٹا اور 2بیٹیاں ہیں بیٹیوں کی عمریں 4 اور 6 سال اور بیٹے کی عمر 3 سال ہے۔

 اے ایس آئی اشرف داؤد 1990 میں محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا۔

شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں ادا کردی گئی۔ جس میں وزیراعلیٰ،گورنرسندھ، آئی جی سندھ کلیم امام اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز سندھ اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ کلیم امام نے چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ بہادر اہلکاروں کے لیے حکومت سے تمغہ شجاعت کی سفارش کی جائے گی۔

آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا کہ ان کی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں :