پاکستان
Time 07 جنوری ، 2019

درہ آدم خيل میں کوئلے کی کان سے اغوا کیے گئے 14 کان کن بازیاب

کان کنوں کو درہ آدم خیل میں واقع حافظ الرحمان کوئلہ کان سے اغوا کیا گیا تھا—۔فائل فوٹو

دره آدم خيل: صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں ایک کوئلے کی کان سے اغوا کیے گئے 14 کان کن بازیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اغواء کار مغویوں کو پہاڑی علاقے ڈونگے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے، جہاں سے دستی بم، پستول اور کئی ماسک بھی برآمد ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دره آدم خيل میں واقع حافظ الرحمان کوئلے کی کان  سے 14 کان کنوں کو اغوا کرلیا گیا تھا، جن میں سے 2 کان کن تاریکی کا فائدہ اٹھا کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

فرار ہونے والے افراد نے اغواء کاروں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی تھی اور حکام کو بتایا تھا کہ اغوا کار ان کے ساتھیوں کو درہ آدم خیل اور خیبر کے پہاڑوں میں لے گئے ہیں۔

مغوی کان کنوں کا تعلق شانگلہ اور درہ آدم خیل سے ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو کان کنوں کی بازیابی اور اغواکاروں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی کوئلے کی کانوں میں انتہائی نامساعد حالات میں کام کرنے والے کان کنوں کو گیس بھرنے اور کان بیٹھ جانے سمیت اغوا کیے جانے کے بھی خطرات کا سامنا رہتا ہے جبکہ متعدد کان کنوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے موت کے گھاٹ بھی اتارا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :