15 جنوری ، 2019
لاہور: وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنی بیرون ملک جائیدادوں پر جرمانے کی 25 فیصد رقم ایف بی آر میں جمع کرادی۔
سپریم کورٹ نے علیمہ خان کو بیرون ملک جائیدادوں پر 2 کروڑ 95 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان نے جرمانے کی 25 فیصد رقم 73 لاکھ روپے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جمع کرائے ہیں جب کہ انہوں نے باقی رقم 4 قسطوں میں جمع کرانے کے لیے درخواست بھی دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ علیمہ خان نے درخواست میں اپیل کرنے کا حق بھی مانگا ہے اور وہ اس حوالے سے ایف بی آر سے فیصلہ آنے پر عدالت سے رجوع کریں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کی امریکا سمیت بیرون ممالک میں جائیدادیں سامنے آئی ہیں اور اس حوالے سے وہ سپریم کورٹ میں بھی پیش ہوچکی ہیں۔
علیمہ خان کا مؤقف ہے کہ وہ امریکا سمیت دیگر ممالک میں اپنی جائیدادیں ظاہر کرچکی ہیں جب کہ انہوں نے سلائی مشینوں کے کام سے جائیدادیں بنائیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان سے ان کی ہمشیرہ کی بیرون ملک جائیدادوں پر وضاحت دینے کا بھی مطالبہ کررہی ہے۔