Time 14 جنوری ، 2019
پاکستان

سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں: علیمہ خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہےکہ انہوں نے سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں اور تمام جائیدادیں ظاہر کی ہوئی ہیں۔

پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیداد اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس میں وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کی طرف کیے گئے سوالات کے جواب دیے۔

علیمہ خان نے کہا کہ میں نے اپنی تمام جائیدادیں ظاہر کی ہوئی ہیں جن میں امریکا میں جائیداد بھی ظاہر کی ہے۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ نے مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ جی، پاکستان میں بہت خواتین سلائی مشین سے روزگار کما رہی ہیں، میری مشینوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ میری ویلتھ اسٹیٹمنٹ چیک کر لیں، میں بیس سال سے کام کر رہی ہوں، آپ رکارڈ چیک کرلیں تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں، جب خاتون کام کرتی ہے تو ہم اس کی سلائی مشینوں کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔

وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ سلائی مشینیں ہماری ایکسپورٹ کا بڑا حصہ ہیں اور لاکھوں لوگ کام کررہے ہیں، پاکستان میں فارن ایکسچینج ایکسپورٹ سے آرہا ہے اور سلائی مشینوں سے آ رہا ہے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کا بے نامی دار ٹھہرایا جا رہا ہے؟

اس پر علیمہ خان نے جواب دیا کہ میں اس حوالے سے اپنا بیان دے چکی ہوں، مجھے عمران خان کی طرف سے نہیں بلکہ والدین کی طرف سے حصہ ملا۔


مزید خبریں :