اسمارٹ فون سے اب تسمے باندھنا بھی ممکن

ان جوتوں کو 'اسمارٹ شوز' کا نام دیا گیا ہے—. فوٹو بشکریہ نائیکی

جوتوں کے تسمے باندھنا اکثر لوگوں کو ایک مشکل کام لگتا ہے، لیکن جدید ٹیکنالوجی نے جہاں آسائشوں میں اضافہ کیا ہے، وہیں اسمارٹ فون کی مدد سے تسمے باندھے کا بھی حل پیش کردیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویئر ایبل کی رپورٹ کے مطابق نائیکی کمپنی نے نئے باسکٹ بال جوتے متعارف کروائے ہیں جس کے تسمے اسمارٹ فون کے ذریعے باندھے جاسکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں 'اسمارٹ شوز' کا نام دیا گیا ہے۔

نائیکی کے کری ایٹو ڈائریکٹر ایرک ایور کے مطابق باسکٹ بال کھیلتے ہوئے کسی ایتھلیٹ کا پاؤں جب حرکت کرے گا تو اسمارٹ جوتے اس کے مطابق تسموں کو ڈھیلا کرے گا تاکہ خون کی گردش میں اضافہ ہو اور پھر خود ہی باندھ دے گا جس سے جیت کے امکان بڑھ جائیں گے۔ 

صارفین ان تسموں کو ایک اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے حسب ضرورت فِٹ اور کنٹرول کرسکتے ہیں جو انہیں ان کی ترجیحات کے مطابق محفوظ کریں گے۔

اسمارٹ جوتوں میں اسمارٹ فون کی مدد سے گاہے بگاہے نئے فیچرز شامل ہوتے رہیں گے—. فوٹو بشکریہ نائیکی 

صارف کھیل کے مختلف لمحات میں مختلف سیٹنگز کرسکیں گے، جس کے مطابق یہ تسمے ٹائم آؤٹ کے دوران خودکار طور پر کُھل جائیں گے اور کھیل شروع ہونے سے پہلے پھر سے بندھ جائیں گے۔

نائیکی انوویشن کے نائب صدر مائیکل ڈوناگر کے مطابق اسمارٹ جوتوں میں اسمارٹ فون کی مدد سے گاہے بگاہے نئے فیچرز شامل ہوتے رہیں گے جن سے ایتھلیٹس کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔    

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسمارٹ جوتوں میں اگر سیٹنگز کردی جائیں تو وہ صرف پائیدان پر ہی رکھ کر چارج ہوجائیں گے لیکن اگر کبھی فون کی بیٹری سفر کے دوران ختم ہوجائے تو اسے اسمارٹ فون کے بغیر ہاتھوں سے بھی کھولا جاسکتا ہے۔