کراچی: فیڈرل بی ایریا میں اسکول وین میں آگ لگ گئی، ڈرائیور معمولی زخمی

آگ لگنے سے اسکول وین مکمل طور پر جل گئی—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایک اسکول وین میں آگ لگنے سے ڈرائیور جھلس کر معمولی زخمی ہوگیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی وین—۔جیو نیوز اسکرین گریب

پولیس کے مطابق واقعہ فیڈرل بی ایریا کے علاقے طاہر ولا چورنگی پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق اسکول وین کا ڈرائیور اسکول حساب کتاب کے لیے آیا تھا، آج چھٹی ہونے کے باعث وین میں بچے نہیں تھے، تاہم آگ لگنے سے اسکول وین مکمل جل گئی۔

دوسری جانب وین میں لگی آگ بجھانے کے دوران ڈرائیور کی انگلیاں زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق اسکول وین میں سلنڈر موجود تھا، تاہم ممکنہ طور پر وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

گذشتہ روز بھی کورنگی میں زمان ٹاؤن کلو چوک کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگ گئی تھی، حادثے میں تمام بچے محفوظ رہے، تاہم ڈرائیور معمولی زخمی ہوا تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ 5 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

اس واقعےکے بعد وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے تمام اسکول وینز کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ترجمان وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ جو اسکول وین چلنے کے قابل نہیں، اُس کا پرمٹ منسوخ کیا جائے۔

دوسری جانب شہر بھر میں گیس سلنڈر لگی اسکول وین چلانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس کے خلاف آل کراچی اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال بھی کی گئی۔

مزید خبریں :