Time 25 جنوری ، 2019
پاکستان

کراچی کے علاقے کورنگی میں اسکول وین میں آگ لگ گئی، ڈرائیور معمولی زخمی

وین میں آگ اُس وقت لگی، جب ڈرائیور چھٹی کے بعد بچوں کو لے کر گھر جارہا تھا—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن کلو چوک کے قریب اسکول وین میں آگ لگ گئی، حادثے میں تمام بچے محفوظ رہے، تاہم ڈرائیور کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا کے مطابق قریب کھڑی ایک پولیس موبائل میں موجود اہلکاروں نے اسکول وین کے بچوں کو ریسکیو کیا اور پولیس موبائل نے ہی تمام بچوں کو گھر پہنچایا۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول وین کو آگ پیچھے کے حصے میں لگی جبکہ اسکول وین میں سلینڈر موجود نہیں تھا۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچیں اور اسکول وین میں لگی آگ کو بجھادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کے دوران ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو بھی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

اس واقعےکے بعد وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے تمام اسکول وینز کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ترجمان وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ جو اسکول وین چلنے کے قابل نہیں، اُس کا پرمٹ منسوخ کیا جائے۔

دوسری جانب شہر بھر میں گیس سلنڈر لگی اسکول وین چلانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس کے خلاف آل کراچی اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال بھی کی گئی۔

مزید خبریں :