پاکستان
Time 05 فروری ، 2019

حمزہ شہباز گاڑی کی نمبر پلیٹ بدل کر ڈیل کی تلاش میں نکلے، فیصل وواڈا

عمران خان فیصلہ کریں گے اور وہ یہ ہے کہ پیسے واپس کرو اور سزا بھی بھگتو، وفاقی وزیر — فوٹو: فائل 

کراچی: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز 5 ہفتے قبل گاڑی کی نمبر پلیٹ بدل کر اندھیری رات میں ڈیل کی تلاش میں نکلے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کو جواب ملا کہ پرانے پاکستان میں وہ فیصلے کرسکتے تھے مگر نئے پاکستان میں صرف عمران خان فیصلے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کمانڈر وزیراعظم عمران خان ہیں لہٰذا اس کا فیصلہ وہاں نہیں ہوگا جہاں حمزہ نمبر پلیٹ بدل کر جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فیصلہ کریں گے اور وہ یہ ہے کہ پیسے واپس کرو اور سزا بھی بھگتو۔ 

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے مسلسل اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی پرڈیل کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے تاہم دونوں ہی جماعتیں کسی قسم کی ڈیل سے انکاری ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا تھا اور 11 دسمبر کو انہیں لندن جانے سے روک دیا گیا تھا، انہوں نے اس اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے یکم فروری کو انہیں 10 روز کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

مزید خبریں :