پاکستان
Time 16 فروری ، 2019

سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل کا اعلان


اسلام آباد: ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پیر کو وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی ادارے، نجی دفاتر، شاہراہ دستور پر واقع سیکریٹریٹ اور دیگر حکومتی دفاتر بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 18 فروری بروز پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے البتہ یہ چھٹی سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، میونسپل کارپوریشن، آئیسکو، سوئی گیس اور  اسپتال وغیرہ پر لاگو نہیں ہو گا۔ 

اسلام آباد میں چھٹی کے باوجود وزارت داخلہ، خزانہ، خارجہ، کابینہ اور کامرس کا ضروری اسٹاف موجود رہے گا۔

دوسری جانب ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور اب اجلاس 2 روز بعد بدھ کو ہو گا۔

ترجمان نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا پیر 18 فروری کی شام 4 بجے ہونے والا اجلاس اب بدھ 20 فروری کی شام 4 بجے ہوگا، محمد بن سلمان کی آمد پر ریڈ زون مکمل سیل کردیا جائے گا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اسمبلی سیکریٹریٹ کے ملازمین کو ممکنہ مشکلات کے پیش نظر پیر کی چھٹی دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان پیر کو کھلی رہے گی، عدالت سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ وکلا، سائلین اور عدالتی عملے کو سپریم کورٹ پہنچنے کیلئے سہولت فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔