دنیا
Time 27 فروری ، 2019

پاک بھارت بڑھتی کشیدگی پر عالمی برادری کا اظہار تشویش

لندن: پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر امریکا، برطانیہ، روس اور چین نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور پاک فضائیہ کے طیاروں کی بھرپور اور مؤثر کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے طیارے فرار ہوتے ہوئے 4 بم بھی پاکستانی علاقے میں پھینک گئے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پاکستان بھارت کو دراندازی کا بھرپور جواب دیکر حیران کرے گا اور وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے، بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔

پاک فضائیہ کے طیاروں نے آج لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور ایک پائلٹ کو بھی حراست میں لے لیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدہ صورت حال پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں برطانیہ مستقل دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔

تھریسامے نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے دونوں ملک بات چیت اور سفارتی حل کی جانب آئیں۔

پاکستان اور بھارت مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں: امریکا

گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی اپنے پاکستانی اور بھارتی ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مزید فوجی کارروائیوں سے گریز کرنے کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ ترجیحی بنیادوں پر باہمی رابطےکریں اور دونوں ممالک مزید فوجی کارروائی سےگریز کریں۔

پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں: چین

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں گے، دونوں ملک صورت حال کے استحکام اور دو طرفہ تعلقات میں بہتری کی طرف قدم اٹھائیں گے۔

روس کا بھی صورت حال پر تشویش کا اظہار

روس نے بھی پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں مملک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان روسی صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ روس کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بھارت صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، دونوں ملکوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صورتحال بہتر کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔

مزید خبریں :