کھیل
Time 28 فروری ، 2019

’پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا‘

فرنچائز مالکان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا: احسان مانی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے میچز شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہوں گے اور کسی بھی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔

پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ یو اے ای میں ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کے میچز پاکستان میں ہونا ہیں جن کا باقاعدہ آغاز 7 مارچ سے کراچی اور لاہور میں ہو گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پی ایس ایل فور کے پاکستان میں ہونے والے میچز غیر یقینی صورت حال کا شکار تھے۔

چیئرمین پی سی بی پی ایس ایل فرنچائزز مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو: پی سی بی

لیکن اب چیئرمین پی سی بی نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہر کسی کا متفقہ فیصلہ ہے کہ لیگ پاکستان میں ہی ہو، فرنچائز مالکان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہماری کمٹمنٹ ہے پاکستان جا کر کھیلنے کی، جن کھلاڑیوں نے شروع میں آنے کو کہا تھا، وہ سب پاکستان آ رہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ ہر کوئی پاکستان میں جا کر میچز کھیلنے کیلئے تیار ہے۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ ہمارے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کو تیار ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ ہم سب پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا مقصد یہی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو۔

لاہور قلندرز کے ثمین رانا نے کہا کہ انتظامیہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارے تمام پلیئرز پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ پی ایس ایل فور کے لیے بھی پشاور زلمی کا پورا اسکواڈ پاکستان آئے گا۔

جاوید آفریدی نے کہا کہ ماضی کی طرح پشاور زلمی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو سب سے بڑا مقصد سمجھ کر اپنا کردار ادا کرے گی، پی سی بی کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :