بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید نائیک خرم مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

پاک فوج کے دستے نے شہید نائیک خرم کو سلامی پیش کی۔ فوٹو: آئی ایس پی آر 

ڈیرہ غازی خان: لائن آف کنٹرول پر شہید پاک فوج کے نائیک خرم کو آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

تین روز قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے نائیک خرم خان کی نماز جنازہ کنگن روڈ پر ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

شہید کی تدفین ڈیرہ غازی خان کے ٹاہلی والا قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی۔

پاک فوج کے دستے نے شہید نائیک خرم کو سلامی پیش کی جب کہ شہید کی قبر پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھولوں کی چادر رکھی گئی۔

شہید نائیک خرم خان کے بھائی کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے اور ہم اس ملک پر قربان ہونے کو تیار ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے حوالدار عبد الرب اور نائیک خرم سمیت 4 افراد شہید ہو گئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم نکیال سیکٹر پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

شہید اہلکار عبد الرب کی نماز جنازہ و تدفین بھی گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں کی گئی تھی۔

مزید خبریں :