05 مارچ ، 2019
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ترکی سے رقم حوالہ ہنڈی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کو رشوت کی پیشکش کرنے والے دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے جن کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ ہنڈی کے کام میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی کرائم سرکل میں دونوں افراد کو بلواکر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں محمد سمیع اور عبدال مالک شامل ہیں جب کہ ملزمان کے ایک ساتھی شکیل جعفرانی کو تین ماہ قبل کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
شکیل جعفرانی کی نشاندہی پر محمد سمیع اور عبدالمالک کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے جنہیں کھلوانے کیلئے ملزمان نے افسران کو رشوت کی پیشکش کی۔
دونوں ملزمان کو صدر میں واقع سرکل بلوایا گیا جہاں سے انہیں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے ساتھی ترکی میں موجود ہیں وہاں سے حوالہ کرتے ہیں اور یہ کوئٹہ میں ہنڈی کے ذریعے رقم لوگوں کے حوالے کرتے تھے۔
صرف گزشتہ سال ملزمان نے 60کروڑ روپے کی رقم ہنڈی کی جب کہ دونوں ملزمان کو پہلے سے درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو چھوڑنے کیلئے بعض ایف آئی اے اور پولیس افسران نے بھی دباؤ ڈالا۔