Time 07 مارچ ، 2019
کھیل

پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کی پاکستان آمد شروع

پی ایس ایل فور کا متحدہ عرب امارات میں مرحلہ مکمل ہوگیا اور اب ایونٹ کے بقایا 8 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: پاکستان سپر لیگ فور کا متحدہ عرب امارات میں مرحلہ مکمل ہوگیا اور اب ایونٹ کے بقایا 8 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے کھلاڑیوں کی پاکستان آمد شروع ہوگئی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور چند دیگر کھلاڑی کراچی پہنچ گئے اور وقفے وقفے سے دیگر کھلاڑی بھی کراچی پہنچیں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز شین واٹسن آج کراچی پہنچیں گے جب کہ رائلی روُسو، ڈوائین براوو اور فواد احمد بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

 لاہور قلندرز کے کھلاڑی دو مختلف پروازوں سے آج پاکستان آرہے ہیں جب کہ کراچی اور اسلام آباد کی ٹیمیں بھی آج ہی کراچی پہنچیں گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس بار انگلینڈ کے بیٹسمین ای این بیل کو حاصل کیا تھا لیکن وہ ان فٹ ہو کر پی ایس ایل سے باہر ہو چکے ہیں تاہم یونائیٹڈ کے دیگر تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں جن میں لیوک رانکی، فلپ سالٹ، کیمرون ڈیل پورٹ اور سمت پٹیل شامل ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف سے باہر ہو چکی ہے اور اب اس کا صرف ایک میچ لاہور قلندرز کے خلاف باقی ہے، ملتان سلطانز کے منیجر سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کے مطابق ان کی ٹیم کے تمام ہی غیر ملکی کرکٹرز پاکستان جا رہے ہیں۔

کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کرکٹرز بھی پاکستان آرہے ہیں جن میں کولن منرو، کالن انگرم، لونگ اسٹون، سکندر رضا اور روی بوپارہ شامل ہیں۔

پشاور زلمی وہ ٹیم ہے جس کے تمام ہی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان جاتے رہے ہیں اور ٹیم کے سربراہ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ اس بار بھی تمام غیر ملکی کرکٹرز پاکستان جائیں گے۔

یاد رہے کہ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :